President Arif Alvi appeals public blood donation for thalassemia children
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل
اسلام آباد۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بندشوں کے باعث تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے اور ان کو فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کے لئے خون کے عطیات دیں کیو نکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم نیکی ہے، تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی زندگی خون کے عطیات پر منحصر ہوتی ہے۔خون کے عطیات دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جمعہ کو ایف نائن پارک میں قائم تھیلیسیمیا سنٹرکے دورہ کے موقع پر گفتگو کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے تھیلیسیمیا کا شکار بچوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔صدر مملکت نے سنٹر پر فرائض سر انجام دینے والے ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے صدر مملکت کو تھیلیسیمیا مرکز میں کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کا شکار بچوں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیت المال، سندس فا?نڈیشن اور اسلام آباد پولس کے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں سے متعلق اقدامات قابل تعریف ہیں۔ تھیلیسیمیا کا شکار بچے جن کی زندگیا ںخون کے عطیات پر منحصر ہوتی ہیں، کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے ہمیں ان کی بہت فکر تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹرانسپورٹیشن بھی بند ہے تو اس سے ان بچوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، جو لوگ خون کا عطیہ کیا کرتے تھے وہ بھی نہیں پہنچ پا رہے۔صدر مملکت نے کہا کہ جو لوگ خون کا عطیہ کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا متاثرین کی مدد کے لئے خون کے عطیات اشد ضروری ہیں۔ صدر مملکت نے ایک مرتبہ پھر پیغام دیا کہ کورونا سے پیداہونے والی صورتحال میں لوگ میل جول کم رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پاکستان جلد اس صورتحال سے نکلے گا۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے تھیلیسیمیا مرکز میں خون کے عطیات دیئے